مخصوص نشستیں غیر آئینی طور پر مینڈیٹ چوروں میں بانٹنے کا ناقابلِ قبول منصوبہ بنایا جارہا ہے، پی ٹی آئی

0
153

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں غیر آئینی طور پر مینڈیٹ چوروں میں بانٹنے کا ناقابلِ قبول منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دستور کا آرٹیکل 51 مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بنیادی اصول نہایت صراحت سے بیان کرتاہے، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو جنرل سیٹوں کے تناسب سے ہی تقسیم ہونا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سنّی اتحاد کونسل مرکز، پنجاب اور کے پی میں سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی پارلیمانی جماعت ہے، مخصوص نشستوں کی فراہمی میں لیت و لعل اکثریت کو غیر قانونی طور پر جبراً اقلیت میں بدلنے کے غیر آئینی منصوبے کا حصہ ہے۔ترجمان کے مطابق جمہوریت کو غیر آئینی عزائم کا اسیر بنا کر عوام کے مینڈیٹ کو پامال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، مخصوص نشستوں کی غیر آئینی بندر بانٹ کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔