پاکستان کی چین کو اسپورٹس مصنوعات کی برآمدات میں 31 فیصد اضافہ

0
170

بیجنگ(این این آئی)2023ء میں پاکستان کی جانب سے چین کو کھیلوں کے سامان کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کی بنیادی وجہ چین میں باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال جیسی اشیاء کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر غلام قادر نے کہا کہ 2023 میں ان تینوں اشیائ کی برآمدات میں تقریبا 31 فیصد اضافہ ہوا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق غلام قادر نے کہا کہ ترقی کا یہ رجحان عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی کھیلوں کی مصنوعات کے معیار اور مسابقت کی نشاندہی کرتا ہے، خاص طور پر ایتھلیٹک سازوسامان کے شعبے میں یہ اضافہ پاکستان اور چین کے درمیان اس شعبے میں مزید توسیع اور تعاون کے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق سیالکوٹ شہر، جو کھیلوں کی مینوفیکچرنگ کے مرکز کے طور پر ایک تاریخ رکھتا ہے، باوقار عالمی فٹ بال ٹورنامنٹوں کے لئے باضابطہ میچ گیندوں کی فراہمی کے لئے جانا جاتا ہے. 2023 میں پاکستان کی باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال کی چین کو برآمدات 11.93 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے (جنوری تا دسمبر) میں یہ صرف 9.13 ملین ڈالر تھی۔ اسی طرح عام جسمانی ورزش اور جمناسٹک کھیلوں کے لیے آلات کی برآمدات 0.83 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں پاکستان سے چین کو کھیلوں سے متعلق مصنوعات کی برآمدات 14.33 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔