اسلام آبا د(این این آئی)الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر (کل) اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت ہوگا اور الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت شرکت کریں گے، اجلاس میں دیگر پارلیمانی جماعتوں کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے درخواستوں کاجائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے لا ونگ نے مخصوص نشستوں کی تقسیم پر کام شروع کردیا ہے، لا ونگ مخصوص نشستوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ(کل) بدھ کو کمیشن کے سامنے رکھے گا۔ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی 77 مخصوص نشستیں مختلف پارلیمانی جماعتوں میں تقسیم کرنے کافیصلہ کرے گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سنی اتحادکونسل کی قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی 23 مخصوص نشستیں کس تناسب سے تقسیم کی جائیں گی اس کا فیصلہ کرے گا۔
٭٭٭٭٭