کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ڈاکٹروں کو کسی بھی دبائو سے قطع نظر اندرون بلوچستان ٹرانسفرکیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کووزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا جائزہ اجلاس ہواجس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اکثریت کوئٹہ میں تعیناتی کی خواہاں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ کسی بھی دبائو سے قطع نظر ڈاکٹروں کو اندرون بلوچستان ٹرانسفرکیا جائے، ابتدا میرے ضلع ڈیرہ بگٹی سے کی جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائی جائے اور اسپتالوں میں ایک ماہ کے اندر بائیو میٹرک سسٹم نصب کیاجائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بائیو میٹرک سسٹم کو خراب کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ علاج کیلئے سالانہ 60تا 70ارب روپے دے رہے ہیں لیکن نتائج مایوس کن ہیں، بلاول بھٹو نے صحت سہولیات کی بہتری کیلئے حکومت سندھ کو معاونت کی ہدایت کی ہے، سندھ کی طرز پر بلوچستان میں صحت کے معیاری طبی ادارے بنائیں گے۔