اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور بحرین نے غزہ میں خاص طور پر رمضان المقدس میں فوری جنگ بندی اور معصوم فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیاہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈرشیخ محمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اوربحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسی الخلیفہ اور ان کے شاہی خاندان بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جنرل شیخ محمد کا پاکستان میں پرتپاک خیر مقدم کیا اور بحرین کی قیادت کا بطور وزیر اعظم دوبارہ انتخاب پر مبارکباد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعاون ہے اور ان کا دورہ ان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ تجارت کے حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایک بار جب پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدہ نافذ ہو جائے گا تو موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم ایک ارب ڈالر سالانہ ہے جس میں کئی گنا اضافے کی صلاحیت ہے۔
وزیراعظم نے کنگ حماد نرسنگ ہسپتال کا حوالہ دیا جو اسلام آباد میں زیر تعمیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلیگ شپ پراجیکٹ پاکستان کے عوام کیلئے ان کے بادشاہ کا تحفہ ہے۔
2014میں ان کے دورہ کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مستقبل قریب میں ایک بار پھر بحرین کے بادشاہ کی میزبانی کا منتظر ہے۔
اس کے جواب میں جنرل شیخ محمد نے وزیراعظم کو جلد از جلد بحرین کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقین نے خاص طور پر رمضان المبارک میں فوری جنگ بندی اور معصوم فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔