چائنیز انجینئرز پر دہشتگردی کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی نے غفلت کے مرتکب افسران کا تعین کیا ہے،عطا اللہ تارڑ

0
38

لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چائنیز انجینئرز پر دہشتگردی کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ دیدی ہے جس کی روشنی میں غفلت کے مرتکب آر پی اوہزارہ ڈویژن ، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ ،ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور کمانڈٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ خیبر پختوانخواہ کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ 15 دن کے اندر ہو گی ،یہ مثال ہے کہ آئندہ چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے جو معاملات ہیں ان کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے خود نگرانی کر رہے ہیں اوراس حوالے سے بڑا موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے،عالمی ادارے اور جرائد مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں گروتھ کی پیشگوئی کر رہے ہیں ، شہباز شریف کے آتے ہی بلومبرگ نے کھل کر بات کی تھی کہ شہباز شریف کو مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ ہے اور وہ معاشی اصلاحات کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں،پاکستان کے دشمن امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان کو پاکستان کی ترقی اور پھلتی پھولتی معیشت ہضم نہیں ہوتی اور وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں،برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ میں بھارت کی جانب سے مختلف ممالک کے اندر ماورائے عدالت قتل کا سلسلے پر روشنی ڈالی گئی ہے، دفتر خارجہ نے بھی بھارتی وزیردفاع کے بیان کو رد کیا ہے اور اس کی مذمت بھی کی ہے جنوری میں بھارت کی طرف سے لوگوں کو قتل کروانے کا جو ایک سلسلہ شروع ہوا اس پر پاکستان نے ثبوت پیش کیے تھے،عالمی برادری کو بھی چاہیے اس کا نوٹس لے، ہم اپنی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے بھرپور الرٹ ہیں اور دفاع کرنا جانتے بھی ہیں، مگر چاہتے ہیں کہ خطے میں امن رہے، اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،بشری بی بی کو زہر دینے کے حوالے سے ان کے ڈاکٹر کا بیان سامنے آ گیا ہے جس میں سب کچھ رد کر دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے 180ایچ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے مثبت آثار آنا شروع ہو گئے ہیں اور عالمی جریدوں اورعالمی ادارے اس حوالے سے مثبت خبریں دے رہے ہیں،بلومبرگ جو بڑا اچھی شہرت کا حامل عالمی مالیاتی جریدہ ہے اس نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں اضافے کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے ، گیلپ کا حال ہی میں جو سروے سامنے آیا ہے اس میں کاروباری افراد کے اعتمادمیں بہتری کی بات کی گئی ہے ، براہ راست غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی مثبت پیشرفت دیکھنے میں آرہی ہے ۔مثبت رپورٹس آرہی ہیں کہپاکستان میں آنے والے ماہ اور سالوں میں مہنگائی میں بھی کمی ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ شرح نمو میںبھی اضافہ ہوگا۔تمام اچھی شہرت کے حامل عالمی ادارے اور جریدے شہباز شریف کی وفاقی حکومت کے حوالے سے اچھی اور مثبت خبریں دے رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ آنے والے ماہ اور سال کے اندر کیا کیا بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری لارج اسکیل مینو فیکچرننگ کی پیداواری قوت میںگزشتہ 21ماہ میں مارچ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ، شہباز شریف کے آتے ہی بلومبرگ نے کھل کر یہ بات کی تھی کہ شہباز شریف کو مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ ہے اور وہ معاشی اصلاحات کی قابلیت رکھتے ہیںجس سے مثبت اثر ات مرتب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16ماہ کی حکومت میں ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا جس کے نتیجے میں روپیہ مستحکم ہوا اور نگران حکومت میں بھی روپیہ مستحکم رہا جس سے معیشت مستحکم ہوئی ، اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بڑی مثبت خبریں آرہی ہیں روز نیا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے ،ان شا اللہ معیشت کے حوالے سے تمام اچھے اقداما ت اٹھائے جارہے ہیں اور عالمی سطح سے اس کی گواہی آنا شروع ہو گئی ہے ۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے دشمن جو اس کے امن کونقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،جنہیں پاکستان کی ترقی اور مثبت طریقے سے پھلتی پھلتی ہوئی معیشت ہضم نہیں ہوتی وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چائنیز انجینئر پر حملہ ہوا تو وزیر اعظم خود وہاں تشریف لے کر گئے اور چائنیز سے اظہار تعزیت اور اظہار افسوس کیا ،دہشتگردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے چائنیز انجینئرز کے جسد خاکی جب ان کے ملک بھجوائے گئے ہیںتو وفاقی وزیر برائے اوورسیز سالک حسین بھی ہمراہ گئے اور انہوں نے وہاں پر چائنیز حکومتی شخصیات سے اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ پاک چین دوستی کو اہمیت دی ہے، اس کا ثبوت ہے جیسے ہی وزیرا عظم کو دہشتگردی کے واقعہ کا علم ہوا تو وہ پاکستان میں چین کے سفارتخانے گئے اور سفیر سے ملاقات کی ۔ شاید پہلی دفعہ ہے کہ کسی وزیر اعظم نے اس طرح داسو کا دورہ کیا اور یہ پیغام دینے کے لئے تھا کہ ہم پاک چین دوستی کو بہت اہمیت دیتے ہین اور اس کے ساتھ ساتھ چینی باشندوں کا حوصلہ بڑھا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اورہم پر عزم ہیں کہ کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے،ہماری آرمڈ فورسز ،لاء انفورسمنٹ ایجنسیز سب دہشتگردی کے خاتمے پر کاربند ہیں اور اس پر پوری نیت کے ساتھ لگن کے ساتھ اس ناسور کو جڑ س اکھاڑنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم شہباز شریف نے دہشتگردی کے اس واقعہ کے بعد چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے بہت اجلاس کئے ، اس پر ایک انکوائری کمیٹی بھی بنائی گئی تھی جس نے اپنی رپورٹ بھجوائی ہے ، اس کی روشنی میں ،وزیر اعظم نے چند افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا ہے جس میں آر پی اوہزارہ ڈویژن ، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ ،ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور کمانڈٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ خیبر پختوانخواہ شامل ہیں ان کے خلاف انضباطی کارروائی 15روز میں مکمل ہو گی