تاحیات نااہلی کی مدت 5سال کرنے کا اقدام غیر آئینی نہیں’ہائیکورٹ

0
76

لاہور( این این آئی)لاہورہائیکورٹ نے تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس شاہد بلال حسن نے10صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔تحریری فیصلے کے مطابق 5سال نااہلی کاقانون آئین کے مطابق ہے، الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 232کی شق دو آئین کے آرٹیکل 62سے متصادم نہیں ہے۔فیصلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 8کے تحت کسی کو بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزار نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62ایف ون کی سپریم کورٹ کا7رکنی بنچ پہلے ہی تشریح کرچکا ہے، پانچ سال نااہلی کا قانون آئین کے مطابق ہے۔واضح رہے کہ درخواست شبیراسماعیل نے تاحیات نااہلی کی مدت کو5سال کرنے اقدام چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پارلیمنٹ نے تاحیات نااہلی کے قانون کو ترمیم کے بعد پانچ سال کیا، رولز کے مطابق تاحیات نااہلی کے قانون میں پارلیمنٹ مخصوص ممبران کے ذریعے ترمیم نہیں کرسکتی۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی عدالت 5 سال نااہلی کی مدت مقرر کرنے کے قانون کو کلعدم قرار دے۔