غزہ جنگ میں اسرائیل کیلئے برطانیہ کی حمایت غیرمشروط نہیں ہے، برطانوی وزیر خارجہ

0
68

غزہ (این این آئی)غزہ میں جاری جنگ کو نصف برس مکمل ہونے پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور امدادی کارکنان پر حملوں کے بعد اسرائیلی حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ غزہ جنگ میں اسرائیل کیلئے برطانیہ کی حمایت غیر مشروط نہیں ہے۔برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع اپنے مضمون میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ اسرائیل کیلئے برطانیہ کی حمایت اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری سے مشروط ہے۔انہوں نے لکھا کہ ہم حماس کے خلاف حالیہ جنگ میں اسرائیل اور اس کے علاوہ دنیا بھر میں کسی بھی جمہوریت سے ہمیشہ یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ مشکل ترین حالات میں بھی بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کریں گے۔اس سے قبل برطانوی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حماس کے خلاف جنگ میں برطانیہ پہلے دن سے اسرائیل کے دفاع کے حق کے ساتھ کھڑا رہا تاہم اس وقت پورا برطانیہ مدد کے مستحق لوگوں کو کھانا کھلانے والے برطانوی بہادر ہیروز کی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہلاکت کے صدمے سے دوچار ہے۔واضح رہے کہ غزہ میں انسانی بحران کی ابتر ہوتی صورتحال کے باعث بڑھتا ہوا دباؤ برطانوی حکومت کو اسرائیل سے متعلق نیا قانونی مشورہ جاری کرنے پر مجبور کر رہا ہے جس کا براہ راست اثر اسرائیل کو برطانوی اسلحے کی فروخت پر ہوگا۔برطانیہ اس موقف کا اعادہ بھی کر رہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن اگر اس نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی تو اسے اسلحے کی سپلائی بند کردی جائے گی۔