فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہروں کو عوامی حق سمجھتے ہیں، امریکا

0
77

واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امریکا میں ہونے والے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا میں جاری مظاہرے جمہوریت کا حصہ ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا مظاہروں کو عوامی حق سمجھتے ہوئے اس کا دفاع کرتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی پولیس کے کریک ڈائون کے باوجود امریکی یونیورسٹی اور کالجوں میں غزہ جنگ کے خلاف طلبا کے مظاہرے دوسرے ہفتے بھی جاری رہے۔کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطینی حامی احتجاجی کیمپ ہٹانے کیلئے ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔ یونیورسٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس میں پیش رفت ہوئی ہے۔متعدد امریکی تعلیمی اداروں میں جاری مظاہروں پر کریک ڈاون کے دوران 550 سے زائد گرفتاریاں کی گئی ہیں۔نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی احتجاجی کیمپ کا دورہ کرنے والی امریکی ڈیموکریٹک کانگریس رکن الہان عمر نے کہا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ امریکی حکومت کو بہتر کرنے کیلئے زور دیا ہے، چاہے وہ شہری حقوق کی تحریک کے ذریعے ہو، چاہے وہ ویتنام کی جنگ کو ختم کرنے کیلئے ہو۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین غزہ میں نسل کشی میں شریک نہ ہونے پر امریکا پر دباو ڈالنے میں تاریخ کے درست جانب ہیں۔