میرواعظ عمرفاروق کا ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت

0
160

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیرحسین عبداللہیان، علاقائی گورنر ملک رحمتی اور صدر کے دیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 03مئی سے اپنے گھر میں نظربندمیرواعظ عمرفاروق نے اپنے تعزیتی پیغام میں صدر رئیسی کی المناک موت کو مسلم دنیا بالخصوص ایرانی قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔میرواعظ نے اپنی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے حکومت ایران اور اس کے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کی مغفرت اور ایرانی عوام کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔