فلسطینی ریاست کو مذاکرات کے ذریعے ہی تسلیم کیا جانا چاہیے، امریکا

0
55

واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو مذاکرات کے ذریعے ہی تسلیم کیا جانا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئرلینڈ، اسپین اور ناروے کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے پر وائٹ ہائوس نے اپنا ردعمل دیا ہے۔وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن سمجھتے ہیں کہ یکطرفہ طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم نہیں کیا جانا چاہیے۔صدر بائیڈن کا ماننا ہے کہ فریقین کے درمیان مذاکرات سے فلسطینی ریاست تسلیم ہونی چاہیے۔وائٹ ہائوس کا مزید کہنا تھاکہ صدر بائیڈن اپنے پورے کیریئر میں دو ریاستی حل کے مضبوط حامی رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور نے کہا کہ اگر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کیا گیا تو مشرق وسطی میں امن نہیں ہوسکتا اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ناروے 28 مئی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلے گا۔