سعودیہ کا ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم

0
62

ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں ممالک کے قابل ستائش اقدام سے بین الاقوامی اتفاق رائے کی تصدیق ہوتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت کا موروثی حق حاصل ہے، دیگر ملکوں کو بھی چاہیے کہ جلد از جلد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مقف اختیار کریں۔واضح رہے کہ تین اہم ممالک ناروے، آئر لینڈ اور اسپین نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناروے کے وزیراعظم جونس گار اسٹور نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا مقصد دیگر ملکوں کو پیغام بھیجنا ہے کہ مشرق وسطی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔آئرلینڈ کے وزیراعظم سیمون ہیرس نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئرلینڈ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سینشز نے پارلیمنٹ سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دو ریاستی حل کو عزت دینی ہو گی اور اس معاملے پر مشترکہ سکیورٹی بھی ضروری ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ دونوں فریقین امن کیلئے مذاکرات کریں اور یہی وجہ ہے کہ فلسطین کو تسلیم کر رہے ہیں، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی متعدد وجوہات ہیں جنہیں مختصرا تین الفاظ امن، انصاف اور مستقل مزاجی کہہ سکتے ہیں۔پیڈرو سینشز کا کہنا تھا کہ اسپین 28 مئی کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے گا جبکہ ناروے کے وزیر خارجہ نے بھی 28 مئی کو باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔