ہتک عزت قانون میں پیپلز پارٹی کا کوئی حصہ نہیں، گورنر پنجاب

0
101

دبئی(این این آئی)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ہتک عزت قانون میں پیپلز پارٹی کا کوئی کر دار نہیں ہے، ہتک عزت بل آئین کی 18 ویں ترمیم کی وجہ سے پاس ہوا۔انہو ں نے کہا کہ میں نے بل پر دستخط نہیں کیے تھے، 15 دن بعد ہتک عزت بل ازخود منظور ہو جانا تھا۔دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز نے ہتک عزت قانون کے موقع پر کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا اور میں نے بحیثیت گورنر بل کو روکنے کے لیے کوششیں کی تھیں۔گورنر پنجا ب نے کہا کہ قوانین میں ردوبدل کی گنجائش موجود رہتی ہے، وطن واپسی پر ایک بار پھر قانون کے حوالے سے افہام و تفہیم کی کوشش کروں گا۔واضح رہے کہ 2 روز قبل پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والا ہتکِ عزت بل قانون بن گیاہے بل پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے دستخط کیے تھے ،گزشتہ دنوں صحافتی تنظیموں کے تحفظات اور اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود پنجاب اسمبلی میں ہتک عزت بل 2024 منظور کر لیا گیا تھا۔