وزیر داخلہ سے سعودی سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

0
295

اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، سعودیہ میں پاکستانی قیدیوں کی جلد بازیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ سعودی عرب میں کفالت سے متعلق نئے لیبر قوانین سے پاکستانی لیبر کو فائدہ ہوگا۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ نئے قوانین سے سعودی عرب میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔انہوںنے کہاکہ قیدیوں سے تبادلے سے متعلق معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ انسداد منشیات کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔سعودی سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزارت داخلہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔شیخ رشید احمد نے خادمین حرمین شریفین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ،ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔