علی ظفر کی وکیل نے گلوکار کیخلاف جھوٹی مہم کے شواہد سوشل میڈیا پر شیئر کردئیے

0
340

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنام کرنے کی مہم کی تفتیش مکمل کیے جانے کے بعد ان کی وکیل نے شواہد سوشل میڈیا پر شیئر کردئیے۔علی ظفر نے دو سال قبل ایف آئی اے کو اپنے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی منظم مہم کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تقریبا 2 سال تک تفتیش کی۔ایف آئی اے کی جانب سے دو سال تک تفتیش کیے جانے کے بعد ایک روز قبل ہی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اپنی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع، اداکارہ عفت عمر، گلوکار علی گل پیر اور حمنہ رضا سمیت 9 افراد کو علی ظفر کے خلاف جھوٹی مہم چلانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے عدالت سے ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔ایف آئی اے کی جانب سے تفتیش مکمل کرکے عدالت میں رپورٹ جمع کروائے جانے کے بعد علی ظفر کی وکیل بیریسٹر امبرین قریشی نے گلوکار کی جانب سے دائر کی گئی درخواست اور ایف آئی اے میں جمع کرائے گئے شواہد کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔