شاہ محمود قریشی کی وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان سے ملاقات

0
285

دبئی (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای )کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ،تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں ، یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان ،افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے ،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا