ملک خسارے میں ،وکٹوریہ مزاج کاحامل نظا م نہیںچل سکتا، اعظم سواتی

0
302

لاہور( این این آئی ) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ملک خسارے میں ہے اس میں وکٹوریہ مزاج کاحامل نظا م نہیں چل سکتا،ہمیں ریلوے میں تاریخی عمارتوں کی نہ صرف حفاظت بلکہ اس سے آمدن بھی حاصل کرنی ہے ،تجاوزات اورقبضوں پر اگر پی ٹی آئی نے سیاست کی تو یہ کمرشل ادارہ ڈوب جائے گا، اب صرف یہ سیاست ہو گی کہ اس ادارے کا نقصان کیسے کم ہو گا اور ہم اس کے مالی معاملات میں کیسے توازن لاتے ہیں ،میرے سمیت تمام ریلوے ملازمین کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے اور میں کہہ چکا ہوں کہ میڈیا نظر رکھے لیکن مثبت چیزیں بھی دکھائے ،میں یہ دعا کروں گاجس جس نے اس ملک کو لوٹا ہے اللہ اس کو اوراس کی اولاد کو یہاں رہنا اور دولت نصیب نہ کرے اس کو سکون نہ ملے ،ایم این ون ، ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری پر کام کروں گا،سینیٹ کے انتخابات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے ،یہ استعفے دیں منظور کرواکر دکھائوں گااور ڈی چوک میں بھی ایک سو بریانی اور مٹن کی دیگیں تقسیم کروں گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ریلوے ورکشاپس مغلپورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشیداقبال چیمہ سمیت دیگربھی موجود تھے۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ ہم نے مزدورں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے ، جب ہمارے مزدور کا معیارزندگی افسران کے برابر آجائے گا اس دن ہم کامیاب ہونگے ۔میرا پہلا مقصد مزدوروں کو ریلیف دینا ہے ان کے لئے نئے گھر بنائے جائیں گے ،میں ماں کی طرح ریلوے کے ملازمین کا خیال رکھو گا،ہمارے مزدور کوارٹرز میں رہ رہے ہیں،ان مزدوروں کی رہائش اور صحت کا خیال رکھیں گے تو ریلوے چلے گا، ان کو پہلی فرصت میں گھر دیں گے ،کراچی، راولپنڈی، اور لاہور میں ریلوے مزدوروں کو عمران خان کے ہائوسنگ پروگرام کے تحت گھر دیں گے ، اسکی اتھارٹی بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ریلوے کو نئی جدت کے ساتھ کمرشل فلائٹ کی طرف لے کرجارہا ہوں، اگر امریکہ دیوالیہ کمپنیوں کو اٹھا لیا ہے تو ریلوے بھی چلے گا ، میں اس کی ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے میٹرز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کے نہ ہونے سے ریلوے کو 2ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے ، یہ ملک کااور آپ کا پیسہ ہے ۔ میں رات ریلوے کے ریسٹ ہائوس میں ٹھہرا ہوں،اس کا کرایہ ادا کیا ہے ، اب یہاں وکٹوریہ نظام نہیں چل سکتا،ملک خسارے میں ہے ،ہمیںوکٹوریہ مزاج الگ کرناہوگا۔ ہمارے پاس جو تاریخی عمارتیں ان کا حل تلاش کیا جائے ، ہم نے ان تاریخی عمارتوں کی حفاظت بھی کرنی ہے اوران سے آمدن بھی حاصل کرنی ہے ۔ تجاوزات اور ناجائز قبضے کے خلاف زیر وٹالرنس ہے،پی ٹی آئی نے اگر اس پر سیاست کی تو کمرشل ادار ہ ڈوب جائے گا ،ریل کاپور انظام تباہ ہو جائے گا ، پھر ہم ریلوے کواوپر نہیں اٹھاسکیں گے۔