آصف زرداری کا آصفہ بھٹو کو پارٹی کے یوتھ ونگ کا سربراہ بنانے کا فیصلہ

0
234

کراچی(این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری نے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کو پارٹی کے یوتھ ونگ کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنی چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو کو پاکستان پیپلزپارٹی یوتھ ونگ کا سربراہ بنا رہے ہیں، سابق صدر کی جانب سے یہ فیصلہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آصفہ بھٹو کی جانب پہلے ہی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ انہوں نے حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے پلٹ فارم پی ڈی ایم کے ملتان میں ہونے والے جلسے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی کی تھی۔خلیجی اخبار کی جانب سے نام لیئے بغیر سینئر پارٹی عہدے دار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق صدر اب آصفہ بھٹو کو مزید اہم اور بڑی ذمہ داریاں سونپنے جا رہے ہیں، جس میں پارٹی کے یونگ ونگ کی سربراہی شامل ہیں۔پارٹی کے سینئر عہدے دار کی جانب سے اس بات کا بھی دعوی کیا گیا ہے کہ پی پی کے مرحوم رہنما اور پی پی کے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیر بدر کے صاحبزادے علی بدر اور پی پی دور کے سابق وزیر دفاع احمد مختار کے بیٹے کو بھی آئندہ کچھ مہینوں میں یوتھ ونگ میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے صدارت کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے چیپٹرز میں بھی نئے چہروں کو سامنے لایا جائے گا۔