نارووال اسپورٹس سٹی کیس،احسن اقبال و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

0
235

اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال و دیگر پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے احسن اقبال و دیگر کے خلاف دائر نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر احسن اقبال کے وکیل طارق محمود جہانگیری کے جج بننے کے بعد جہانگیر جدون بطور وکیل پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل جہانگیر جدون نے مؤقف اپنایا کہ یہ کیس کہاں بنتا ہے؟ کیا ہمارے ماتھے پر لکھا ہوا ہے؟اسی دوران فرد جرم کی کارروائی سے قبل احسن اقبال نے اس پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے کہ یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں،جس پر جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ ہم سامنے پیش کیا گیاریکارڈ دیکھ کر ہی کہہ رہے ہیں یہ بادی النظر میں کیس بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلے سے پہلے فیصلہ نہیں سنا سکتے، شواہد دیکھے جائیں گے اس پر احسن اقبال نے کہاکہ جج صرف استغاثہ کی بات سن کر نہیں بات کیا کرتا، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے۔ عدالت کے جج نے احسن اقبال کو بات کرنے سے روک دیا۔اس موقع پر جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ آپ نے کوئی درخواست دائر کرنی ہے تو کریں یا اپنے وکیل کے ذریعے بات کریں۔بعد ازاں عدالت نے سابق وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال پر مذکورہ کیس میں فرد جرم عائد کردی جس پر انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے ملزمان اختر نواز گنجیرا، سرفراز رسول، آصف شیخ اور نجی ٹھیکیدار محمد احمد پر بھی فرد جرم عائد کی تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، جس کے بعد عدالت نے 12 جنوری کو استغاثہ (نیب) کے گواہان کو طلب کرلیا۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ ان جھوٹے ریفرنسز کا مقصد اپوزیشن کی کردار کشی، دباؤ ڈالنا اور تکلیف دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیاسی مقدمات کی کارروائی ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کا حکم جاری کریں تاکہ عوام کو پتا چلے کہ عمران خان کے احتساب کی کتنی ٹانگیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے وسائل کو جھوٹ کے اوپر جھونک رہی ہے، ہمارے خلاف وہ شخص کیس بنا رہا ہے جس نے سی ڈی اے پر دباؤ ڈال کر بنی گالا کی غیرقانونی تعمیر کو قانونی تعمیر میں تبدیل کردیا۔