ٹرمپ نے کورونا ریلیف اور اخراجات کے پیکج کے بِل پر دستخط کر دئیے

0
407

واشنگٹن (این این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ریلیف اور اخراجات سے متعلق پیکج کے بِل پر دستخط کرتے ہوئے اسے قانون کا درجہ دے دیا ہے۔ ابتدا صدر ٹرمپ نے اس بِل پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ لوگوں کو بڑا ریلیف دینا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اگر وہ بِل پر دستخط میں دیر کرتے تو اس کا مطلب یہ ہوتا کہ لاکھوں امریکی عارضی طور پر بے روزگاری کی صورت میں ملنے والے الانس حاصل نہ کر پاتے۔ کئی ماہ کی بحث و مباحثے کے بعد کانگریس نے 900 بلین امریکی ڈالر کا ریلیف پیکج منظور کیا تھا۔یہ پیکج حکومتی اخراجات کے دو اعشاریہ تین کھرب امریکی ڈالر کا حصہ ہے جس میں ایک اعشاریہ چار کھرب امریکی ڈالر معمول میں امریکہ کی وفاقی حکومت کے اخراجات شامل ہیں۔ابھی فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فلوریڈا میں جہاں ابھی صدر ٹرمپ موجود ہیں نے اس بِل کو قانون بنانے کا فیصلہ کیوں کیا۔ وہ کانگرس کی دونوں جانب سے دبا ئومیں تھے۔ اور ریپبلکن سینیٹر پیٹ ٹومی نے کہا کہ صدر کو خطرہ ہے کہ انھیں افراتفری، تکالیف اور غیر متوازن رویے کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ امریکہ کے منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ بِل پر دستخط کرنے میں تاخیر کریں گے تو اس کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔