نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری کو منسوخ کردیں گے، شیخ رشید احمد

0
269

اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فوری کو منسوخ کردیا جائیگا،پیپلز پارٹی سینٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی ،یکم جنوری سے چین اور افغانستان کے ویزے کا اجرا آن لائن ہوگا ، مینوئل ویزے کو ختم کر رہے ہیں ،آئی جے پی پر پرنسپل روڈ کا کام اور 7 ایونیو انٹرچینج بنائیں گے ،اسلام آباد ایکسپریس وے کے کام کو بھی تیزی سے شروع کیا جائیگا،مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، یہ سب چور اپنی چوری بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، یہ سارے لوگ بے نقاب ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے چین اور افغانستان کے ویزے کا اجرا آن لائن ہوگا ، مینوئل ویزے کو ختم کر رہے ہیں کیونکہ اس میں کرپشن تھی اور یہ شکایت تھی کہ چین اور افغانستان کے ویزے اور اس میں توسیع کے لیے پیسے لیے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس لیے مینوئل ویزا ختم ہوجائے گا اور 54 ہزار چینی اور 41 ہزار دوسرے لوگوں کو ویزا ملے گا جبکہ اس کے علاوہ 191 ممالک کو آن لائن ویزا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیڈیز کلب اور کلچرل کمپلیکس کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سی ڈی اے میں بہترین کام ہورہا ہے اور مزدوروں کی بہتری کے لیے ان کی یونین کو آئندہ بدھ کو اپنے دفتر بلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ آئی جے پی پر پرنسپل روڈ کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ 7 ایونیو انٹرچینج بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آباد ایکسپریس وے کے کام کو بھی تیزی سے شروع کیا جائے گا۔سیاسی معاملات پر انہوں نے کہا کہ جو میں کہتا تھا اللہ نے وہ پورا کیا ہے کہ پیپلزپارٹی سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز خواجہ آصف کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ یہ سب بے نقاب ہوگئے ہیں، اگر میں وزیرداخلہ ہوں اور اقامہ لوں تو اس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، مطلب میرا، میری دھرتی پر ایمان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سارے چور اکٹھے اس لیے ہوتے ہیں کہ ان کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکلتے ہیں اور یہ برداشت نہیں کرتے جبکہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی رقم جب بے نقاب ہوتی ہے تو یہ کہتے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جارہا ہے۔