سلیکٹڈ عمران خان اور سلیکٹرز ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں ، مریم نواز

0
221

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ(ن) کے شیر پہلے سے بھی زیادہ بہادری کیساتھ ڈٹ کر تمہارے ظلم کا مقابلہ کریں گے ،اگر مفتی کفایت اللہ کیخلاف مقدمہ بناتو فوج کے خلاف بیان پر عمران خان پر بنے گا ،سلیکٹڈ عمران خان اور سلیکٹرز ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں، عمران خان کو جانا ہی ہوگا ،کمزورحکمرانوں کی وجہ سے ہے بھارت جیسا دشمن پاکستان پر وار کرتاہے، کشمیریوں پرظلم اوربیٹوں کی شہادت ہوتی ہے تو زخم ہمارے دلوں پرلگتاہے،اب ووٹ کوعزت اور ووٹ پر پہرہ دینے کی باری آزاد کشمیر کی ہے ،آزاد کشمیر کی مسلم لیگ(ن) کی مہم کی قیادت مریم نواز کرے گی،جس طرح گلگت بلتستان نے مسلم لیگ(ن) کے سارے لوٹوں کو ہرا دیا اور رد کردیا، انشااللہ مسلم لیگ(ن) پورے پاکستان میں لوٹوں کا محاصرہ اور محاسبہ کریگی۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں راجا فاروق حیدر کی دلیری کی معترف ہوں، میں نواز شریف اور راجا فاروق حیدر سے دلیری سیکھتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، گلگت بلستان میں حکومت تھی اور آزاد کشمیر میں حکومت ہے اور یہاں کے لیڈر نے سلیکٹڈ کے سامنے سر جھکانے سے انکار کردیا اور نہ نواز شریف کے نظریے سے پیچھے ہٹے اور نہ کشمیر سے اس کی تصویر اتاری۔انہوں نے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کے بہن، بھائی، بزرگوں اور بیٹیوں کیلئے بھی پیغام لائی ہوں کہ نواز شریف اور مریم نواز آپ کے ساتھ ہیں اور جب آپ پر ظلم ہوتا ہے تو نواز شریف اور مریم نواز کا دل لہولہان ہوتا ہے، جب آپ کے بیٹوں کی شہادت ہوتی ہے تو زخم ہماری روح پر لگتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب عمران خان کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے مودی کی جھولی میں کشمیر جاکر گرتا ہے اور پاکستان اس نالائق اعظم کی وجہ سے کشمیر کا مقدمہ ہارجاتا ہے تو زخم پورے پاکستان کے دلوں پر لگتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں جب ایک کمزور وزیر اعظم عوام کی طاقت سے نہیں آتا، جو آپ کے ووٹ سے نہیں آتا اور جب ایک کمزور حکومت ہوتی ہے تو بھارت جیسا دشمن پاکستان پر وار کرتا ہے، اس نے پاکستان کی شہ رگ پر وار کیا اور کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہاکہ جب پاکستان میں آپ کے ووٹوں سے آنے والا عوامی وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت ہوتی ہے تو مودی جیسا خود چل کر پاکستان آتا ہے، عوامی وزیر اعظم اور جعلی وزیر اعظم میں یہ فرق ہے، اسی لیے کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دینا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پاکستان کی شہ رگ پر وار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو فخر ہے کہ ہمارا تعلق پاکستان مسلم لیگ(ن) سے ہے جو نہ صرف پاکستان کی خالق جماعت ہے بلکہ اس جماعت نے نواز شریف کے ہاتھوں پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بنایا اور پاکستان اور کشمیر کے کے کونے کونے کو ترقی سے سجایا اور سنوارا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جدوجہد اور نظریے نے پاکستان کے کونے کونے کو وہ شعور دے دیا ہے کہ نواز شریف کی آواز بند ہے تاہم ہمارے مخالف بھی نواز شریف کی زبان بول رہے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف پر انہوں نے کیا کیا الزام نہیں لگائے، ریاستی دہشت گردی کا کیا کیا حربہ نہیں آزمایا، پاکستان کی ایک ایک پائی کو اپنی امانت سمجھنے والے پر اس نے کرپشن کا الزام لگایا، غداری کا الزام لگایا، اللہ اور رسولۖ سے محبر کرنے والے نواز شریف پر اس نے مذہبی فتوے لگوائے تاہم پاکستان میں آج کسی نے ان الزامات کو نہیں مانا اور اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔