العلا سربراہ اجلاس کامیاب بنانے پر شاہ سلمان کا خلیج تعاون کونسل کو خراج تحسین

0
440

ریاض(این این آئی)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں سربراہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے کی گئی کوششوں پر کونسل کے رکن ممالک کی قیادت، وفود کے سربراہان اور اجلاس میں شریک شخصیات کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق خادم حرمین شریفین کا یہ موقف منعقد ہونے والے سعودی کابینہ کے ورچوئل اجلاس کے دوران سامنے آیا۔ اس موقع پر کابینہ نے سربراہ اجلاس کی کامیابی اور خطے کے امن و استحکام اور عوام کی بہبود سے متعلق مشترکہ مفادات کو یقینی بنانے پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد پیش کی۔کابینہ نے ولی عہد کی جانب سے باور کرائے گئے موقف پر زور دیا کہ خادم حرمین شریفین کے زیر قیادت سعودی عرب کی پالیسی ایک راسخ نہج پر قائم ہے۔ اس کا مقصد خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے اعلی مفادات کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ، ویژن 2030 کی روشنی میں ایک یکجا اور مضبوط خلیج تعاون کونسل کو یقینی بنانا، عرب اور اسلامی دنیا کے تعاون کو بھرپور بنانا جو خطے اور اس کے ممالک کے امن و استحکام کے کام آئے، خطے کو درپیش چیلنجوں بالخصوص ایرانی جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام سے نمٹنے کی مثر کوششوں کو ممکن بنانا اور تہران کے ایجنٹوں کی جانب سے دہشت گرد اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں پر روک لگانا ہے جن سے وہ خطے اور دنیا کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔سعودی کابینہ نے العلا اعلامیے کا بھی خیر مقدم کیا جس پر خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی قیادت اور وفود کے سربراہان نے اجلاس کے دوران دستخط کیے۔ یہ اعلامیہ خادم حرمین شریفین کی اس خواہش کا واضح اظہار ہے کہ وہ کونسل کے رکن ممالک کے بیچ اقتصادی یک جہتی کے ساتھ ساتھ مشترکہ دفاعی اور سیکورٹی نظام بھی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔اجلاس کے اختتامی بیان میں شریک ممالک کی قیادت اور وفود کے سربراہان کی یہ خواہش بھی شامل ہے کہ وہ رابطوں اور تعاون کے ذریعے خلیجی ممالک کے شہریوں کی امیدوں کو پورا کرنے کے خواہاں ہیں۔