ٹویٹر، فیس بک کے بعد انسٹا گرام وسنیپ چیٹ نے بھی ٹرمپ کے ہاتھ باندھ دئیے

0
355

واشنگٹن(این این آئی)ایسا دکھائی آتا ہے کہ امریکی عوام کے بعد اب سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گردن ناپنا شروع کر دی ہے۔ یہ پیش رفت ٹرمپ پر عائد کیے گئے اس الزام کے بعد سامنے آ رہی ہے کہ انہوں نے واشنگٹن میں کیپٹول کی عمارت کے احاطے میں پیش آنے والے پر تشدد واقعے کی حوصلہ افزائی کی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹویٹر اور فیس بک کے بعد انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے بھی جمعرات کے روز اس پلیٹ فارم پر ٹرمپ کا اکائونٹ 24 گھنٹوں کے لیے معطل کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ موسیری کے مطابق انسٹاگرام پر ٹرمپ کا اکائونٹ پورے ایک دن کے لیے بند رہے گا۔ادھر سنیپ چیٹ نے بھی اعلان کیا کہ وہ ریپبلکن صدر کا اکائونٹ عارضی طور پر بند کر رہا ہے۔اس لیے فی الوقت اور آئندہ گھنٹوں کے دوران دوسروں سے رابطے کے لیے ٹرمپ کے پاس صرف روایتی وسائل ہوں گے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کے لیے اپنے حامیوں سے رابطے کا طاقت ور ترین ذریعہ ٹویٹر رہا ہے جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 8.5 کروڑ سے زیادہ ہے۔