پاکستان ہندو کونسل کا ہولی کا تہوار پراہ لاد مندر میں منانے کا فیصلہ

0
387

کراچی (این این آئی) پاکستان ہندو کونسل نے رواں برس ہولی تہوار کی تقریبات پراہ لاد مندر میں منانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقریب کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان ہندو کونسل کی ایگزیکٹو باڈی کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں ون مین کمیشن کے حالیہ اقدامات پر بھی بریفننگ دی، انہوں نے حالیہ دورہ برائے ٹیری مندر کرک، کٹاس راج مندر چکوال اور پراہ لاد مندر ملتان کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ شری پرم ہنس جی مہاراج کی سمادھی پر حملے سے ہندو کمیونٹی کے مذہبی جذبات مجروح یوئے، تاہم معزز چیف جسٹس گلزار احمد کے بروقت اقدام کی بدولت انصاف کا بول بالا ہوا، اجلاس کے دوران ڈاکٹر رمیش کمار نے رواں برس ہولی کا تہوار پراہ لاد مندر میں منانے کی تجویز پیش کی جسے پاکستان ہندو کونسل کی ایگزیکٹو باڈی کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ تاریخی طور پر ہولی تہوار کی ابتدا پراہ لاد مندر سے ہوئی، بھارت میں بابری مسجد کے سانحہ کے ردعمل میں 1992 میں پراہ لاد مندر کو منہدم کردیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ انتیس سال بعد دوبارہ پراہ لاد مندر آباد کرنے کیلئے ہندو کمیونٹی چیف جسٹس کی بے حد مشکور ہے، اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے پراہ لاد مندر میں ہولی کی ممکنہ تقریب کے مہمان خصوصی کیلئے معزز چیف جسٹس گلزار احمد کو مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مزید برآں، پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے ملتان میں ہولی تہوار منانے کیلئے ملک بھر سے میڈیا، سول سوسائٹی اور نمایاں سیاسی وسماجی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا، اس حوالے سے باضابطہ اعلان سالانہ ہندو اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر کیا جائے گا، پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام سالانہ اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد 10 جنوری کو ریلوے گراؤنڈ کراچی میں کیا جارہا ہے، ون مین کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل بھی سالانہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔