وزیراعظم عمران خان کی فارن فنڈنگ کیس پر قوم کو حقائق بتانے کی ہدایت

0
308

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس کے حقائق قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس ایشو پر اپوزیشن کے پراپیگنڈے کو کائونٹر کریں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹ انتخابات، فارن فنڈنگ کیس، سانحہ مچھ اور براڈ شیٹ پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے باہر اپوزیشن کے احتجاج کے معاملے پر بھی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سانحہ مچھ اور لواحقین سے مذاکرات پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔وزیراعظم نے سانحہ مچھ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے شرکاء پر واضح کیا کہ سانحہ مچھ کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے کیونکہ ایسے مجرم کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم نے فروری یا مارچ میں متوقع سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی بنانے کی ہدایت بھی دی۔عمران خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں بھی ہم کامیابی حاصل کریں گے۔وزیراعظم نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس کے حقائق قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ایشو پر اپوزیشن کے پراپیگنڈے کو کائونٹر کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ہمارے جواب اور اپوزیشن کے کیس پر حقائق قوم کو بتائے جائیں۔عمران خان نے ترجمانوں سے کہا کہ وہ براڈ شیٹ کے دعویٰ کو عوام میں اجاگر کریں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے براڈ شیٹ کو بھی خریدنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ ترجمان ٹاک شوز میں حکومتی حکمت عملی اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے سے متعلق عوام کو آگاہ کریں۔