بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع، سردی کی شدت بڑھ گئی

0
497

اسلام آباد /کوئٹہ/کراچی(این این آئی)بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام شوگران میں اب تک 3 انچ اور ناران میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے۔حکام کے مطابق کوئٹہ میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بلوچستان میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔کم سے کم درجہ حرارت لیہہ، اسکردو اور استور میں منفی11، گوپس منفی 10، گلگت منفی 6، کالام منفی 5، زیارت منفی 2، کوئٹہ 3 اور پشاور میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ادھر کراچی میں دو سے تین دن تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ، سردی میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان خالد ملک کے مطابق مغربی ڈسٹربنس کے زیراثر کراچی میں دو سے تین دن تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ سردی میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔شمالی علاقوں سے ہوائیں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔