بھارتی فورسز مقبوضہ جموںوکشمیرمیں ظلم و تشدد کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے، میر واعظ

0
383

سرینگر(این این آئی)بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںحریت فورم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں مسلسل ظلم و تشدد کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے جو گھر میں نظربند ہیں سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بے گناہ کشمیریوںکو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے ہراساں اور گرفتار کیاجارہا ہے جبکہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار ابتر ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔میر واعظ نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاکہ کشمیری کل 26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ انہوںنے مزید کہاکہ کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیرکے پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا لہذا کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت فوری دیاجانا چاہیے ۔ادھر میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کو اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ اس نے جموںوکشمیر پرکشمیریوںکی خواہشات کے برخلاف غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ بھارت کا سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ جھوٹا ہے اور وہ دنیا کے سا،نے بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے کیونکہ اس نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوںکے تمام بنیادی حقوق اور آزادیاںسلب کر رکھی ہیں۔