پشاور(این این آئی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کردیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواہ کو ابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین موصول ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کی گایڈلاینز کے مطابق یہ ویکسین صوبے کے 8 اضلاع میں ہیلتھ ورکرز کو لگائے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے، ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے مشکور ہیں۔محمود خان نے کہاکہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پر ہم دوست ملک چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، خیبر پختونخواہ میں اب تک 3194 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 32 شہید ہوئے ہیں، کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز ,نرسز ,پیرامیڈکس اور دیگر عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، فرنٹ لائن ورکرز اس قوم کے اصل ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے خدمات انجام دیں، موجودہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی سے ہم کرونا کی پہلی لہر سے سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں، کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے مربوط انداز میں اقدامات جاری ہیں، کرونا ویکسین اس وباء سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگی، موجودہ حکومت اس وباء سے اپنے فرنٹ لائن ورکرز اور عوام کو تحفظ دینے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے،افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر محمد شاہ، ڈاکٹر فیصل شہزاد، چارج نرسز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔