سعودیہ کا تحفظ کیلئے مدد جاری رکھنے پر بائیڈن کے عہد کا خیر مقدم

0
271

ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے امریکی صدر جو بائیڈن کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مملکت کو اپنے عوام اور سرزمین کے تحفظ میں مدد دیں گے۔ امریکی صدر نے سعودی عرب کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں خارجہ پالیسی پر اپنے پہلے خطاب میں کیا۔صدر بائیڈن نے کہا کہ سعودی عرب کو میزائل حملوں، ڈرون حملوں اور کئی ممالک میں ایرانی حمایت یافتہ فورسز سے دیگر خطرات کا سامنا ہے۔ ہم سعودی عرب کی اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے مدد کرتے رہیں گے۔ سعودی عرب، یمن میں موجود ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرون حملوں کا مستقل ہدف ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ٹموتھی لنڈرکنگ کو یمن کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔ خیال رہے کہ ٹموتھی مشرق وسطیٰ میں طویل عرصے تک سفارتی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ جو بائیڈن نے کہا کہ یمن میں جنگ کا خاتمہ ہونا ہے اور امریکہ کے نمائندہ خصوصی اس تنازعے کے تمام فریقوں اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر سفارتی حل کے لیے کوششیں کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہے جس میں صدر بائیڈن کی جانب سے مملکت کو اپنی سرزمین کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔