یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی جاری رکھیں گے’ امریکا

0
209

واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے کہا ہے کہ ملٹری ٹرانسپورٹ لیڈرشپ امریکی ذخیرے سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے گی۔محکمہ دفاع نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ‘ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے مزید کہا کہ وہ یوکرین کو فوجی امداد کی ترجیحی درخواستوں کو پورا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اتحادیوں اور شراکت داروں کے ذریعے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔اس سے قبل پینٹاگان کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں وضاحت کی تھی کہ ان کے ملک نے صدارتی فیصلوں کے ذریعے یوکرین کو فوجی امداد دی ہے جو کہ تقریباً 2021 کے لیے اس کے دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔امریکی حکام نے گذشتہ پیرکوکہا تھا کہ واشنگٹن باقی امدادی ذخیرے کو ہوشیاری سے استعمال کرنا چاہتا ہے تاکہ یوکرین کو موجودہ لڑائی میں ضرورت کے مطابق سامان فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کانگریس کی طرف سے منظور کردہ امدادی پیکج اس ماہ کے تیسرے ہفتے کے آخر تک ختم ہو جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے درخواست کردہ دوسرے پیکج کو جلد منظور کیا جائے۔قابل ذکر ہے کہ یوکرین کی سرزمین پر روسی فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد سے امریکا یوکرین کو فوجی اور انٹیلی جنس مدد فراہم کر رہا ہے۔