یاسین ملک کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھائینگے ،رہائی کیلئے سفارتی ،قانونی محاذ پر ہر جائز راستہ اختیار کریں گے،مریم اورنگزیب کی مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس

0
211

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یاسین ملک کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھائینگے ،رہائی کیلئے سفارتی اور قانونی محاذ پر ہر جائز راستہ اختیار کریں گے، یاسین ملک کی کشمیر کاز کیلئے لازوال قربانیاں ہیں، بھارت ان کے فری ٹرائل سے کیوں گھبرا رہا ہے؟، کشمیری بھارتی غنڈہ گردی ،بربریت کیخلاف نہ کبھی غلام بنے ،نہ بنیں گے،وہ جتنی مرضی کوشش کرلے ،کشمیری عوام کے جذبے اور آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتا،عالمی برادری بھارت کی کھلم کھلا عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف)کے سربراہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت 75 سال سے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے لیکن ہر ظلم کے بعد کشمیریوں کا عزم مزید مضبوط ہوجاتا ہے، یاسین ملک کی رہائی کیلئے سفارتی اور قانونی محاذ پر ہر جائز راستہ اختیار کریں گے ،عالمی انسانی حقوق کے تحت اپنی حکمت علمی تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 64ایسے لوگ ہیں جن کو کوئی پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں، کس ٹارچر سیل یا جیل میں ہیں، ان کا کئی کئی برسوں سے اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پرامن حریت لیڈر یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات بنائے، دہشت گردی کے جعلی مقدمات بنا کر بھارت نے یاسین ملک پر 19 مئی کو فرد جرم عائد کی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں 25 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کو سزائے موت یا عمر قید سزا سنانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک پر آج تک کسی بھی منفی سرگرمی کا الزام نہیں لگا،حریت رہنماء یاسین ملک نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف کی۔انہوں نے کہا کہ مشعال ملک ستمبر 2014ء میں یاسین ملک سے ملیں، اس وقت ان کی بیٹی کی عمر دو سال تھی اور آج آٹھ سال ہوگئے ہیں یہ ملاقات نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی کشمیر کاز کے لئے لازوال قربانیاں ہیں، تہار جیل سے ان کی جاری ہونے والی ویڈیو میں وہ ایک ہی بات بول رہے ہیں کہ انہیں بولنے کی اجازت دی جائے