بھارت میں آسٹرازینیکا کی ویکسین کے سنگین ضمنی اثرات کا جائزہ لینے کا اعلان

0
284

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی حکام نے برطانوی دواساز کمپنی آسٹرازینیکا کی ملک میں تیار کردہ ویکسین کے ضمنی اثرات کا گہرائی سے جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ فیصلہ بعض مغربی ممالک میں اس ویکسین کے انجکشن لگوانے والے افراد میں خون کے دھبے ظاہر ہونے کے بعد کیا ۔ البتہ بھارت میں ابھی ایسے کوئی ضمنی اثرات ظاہر نہیں ہوئے ۔ڈنمارک ، ناروے اور آئس لینڈ نے آسٹرازینیکا کی ویکسین کا استعمال روک دیا ۔ان ممالک میں ویکسین لگوانے والے بعض افراد میں خون کے دھبے پیدا ہوگئے تھے جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہناتھا کہ اس ویکسین کا استعمال روکنے کا کوئی جواز نہیں ۔بھارت کی قومی ٹاسک فورس برائے کووِڈ19 کے ایک رکن این کے اروڑا نے کہا کہ ہم ویکسین کے سنگین ضمنی اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ان میں اموات اور ویکسین لگوانے والوں کی طبی امداد کی غرض سے اسپتال منتقلی ایسے واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اگر کسی قابل تشویش چیز کا پتا چلتا ہے تو ہم اس کو سامنے لائیں گے۔این کے اروڑا کا کہنا تھا کہ بھارت میں فی الوقت تو آسٹرا زینیکا کی ویکسین کے کسی قسم کے ضمنی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں مگر ہم پھر دوسرے ممالک میں اس کے رونما ہونے والے مضراثرات کا جائزہ لیں گے۔