ادارہ شماریات کے بڑے شہروں میں آٹا کی قیمتوں کے اعداد و شمار جاری

0
353

کراچی(این این آئی)وفاقی ادارہ شماریات نے ملک کے تمام بڑے شہروں میں آٹا کی قیمتوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق آٹا کراچی میں سب سے زیادہ مہنگا ہے۔یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ہفتے کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1500 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں آٹا 75 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، شہر قائد میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 140 روپے مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق یکم اکتوبر کو کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1360 روپے تھی جو اب 1500 تک پہنچ چکی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق حیدر آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1360، سکھر میں 1300، لاڑکانہ میں 1280 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 860 روپے ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 900 روپے میں دستیاب ہے جبکہ اتنے ہی وزن کا تھیلا پشاور میں 1350 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1320 اور کوئٹہ میں اس کی قیمت 1220 روپے تک پہنچ چکی ہے۔