اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیری عوام کے درد کو پاکستان عوام اپنا درد سمجھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی پوری دنیا مذمت کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی فاشسٹ نظرے پر کاربند مودی سرکارِ نے کشمیر سمیت پورے بھارت میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کر رکھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے، موجودہ حکومت پاکستان، معاشی اور اقتصادی بحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی کے کشمیری عوام سے محبت کے جذبے کو سراہا۔سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے غیر متزلزل جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اسے حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی کی تقریر نے مسئلہ کشمیر کو نئی روح پھونکی ہے، کشمیری عوام کا اوڑھنا بچھونا پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ روزہ اول سے پاکستان کو اپنا سفیر مانتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ الیکشن کے بعد تحریک انصاف کشمیر میں بھاری اکثریت سے حکومت قائم کرے گی