آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہے،بلاول بھٹو زر داری

0
309

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان مساوات پر کھڑا اور اسلامی ممالک کیلئے رول ماڈل صرف ایک ہی صورت میں بن سکتا ہے،قائد عوام شہید بھٹو نے آزادی کے 25 سالوں کے بعد قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا،آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہے،پیپلز پارٹی اپنے ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و ویژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان مساوات پر کھڑا اور اسلامی ممالک کے لیئے رول ماڈل صرف ایک ہی صورت میں بن سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان اس حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہو، جس کی بنیاد پر یہ ملک معرضِ وجود میں آیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں،اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے قائداعظم اور ان کے رفقاء کی عظیم تعلیمات کو بْھلا دیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ انصاف، فیئر پلے اور برابری کی بنیاد پر کھڑا ایک جمہوری معاشرہ ہی وہ بنیادی اصول تھے، جن پر یہ ملک قائم کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم کی زیر قیادت تحریکِ آزادی کو بھی سیاسی انجنیئرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھالیکن اس دور کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان معرضِ وجود میں آگیا۔ انہوںنے کہاکہ قائد عوام شہید بھٹو نے آزادی کے 25 سالوں کے بعد قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا تاکہ قرارداد پاکستان اور تحریکِ آزادی کے اغراض و مقاصد حاصل کیئے جاسکیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے مطابق کام کرے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کو پہلے دن سے جبر کا نشانہ بنایا گیا، قائدین و کارکنان شہید اور جھوٹے مقدمات میں قید و بند مسلط کی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تمام ناانصافیوں و ظلم کے باوجود پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان کی حقیقی علمبردار اور قائداعظم کے ویژن کی وارث ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنے ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و ویژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی