ضد ،جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے،آصف علی زر داری

0
235

اسلام آباد (این این آئی) سابق صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ ضد ،جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے،مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے وفاق کی تمام اکائیوں سے انصاف کرنا ہوگا، 1973 کے آئین پر عمل کرنے سے ریاست مضبوط ہوگی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں سابق صدر آصف علی زر دار ی نے کہاکہ آج کے دن ملک کی تعمیر، ترقی اور وطن پر جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ضد ،جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج قائد اعظم کے فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ،قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیں وطن پرستی کا نظریہ دیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا جوھری پروگرام شہید بھٹو کی یاد دلاتا رہے گا ، پاکستان کی میزائیل ٹیکنالوجی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی یاد دلاتی ہے ۔آصف زرداری نے کہاکہ عوام کی مرضی کے ان پر حکومت مسلط کرنے کا نقصان ملک کو ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے وفاق کی تمام اکائیوں سے انصاف کرنا ہوگا، 1973 کے آئین پر عمل کرنے سے ریاست مضبوط ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ سماجی اور معاشی انصاف ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،آئین کی 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کی ضمانت ہے ۔