لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل کا وقت آگیا’حسن نصراللہ

0
242

بیروت (این این آئی)لبنان کی طاقتور شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیڈر حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ملکی سیاست دان اپنے ذاتی مطالبات کو پس پشت ڈال دیں اور نئی حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے دیں تاکہ وہ ملک کو درپیش مالیاتی بحران سے نکال سکے۔حسن نصراللہ نے اپنی ایک نشری تقریر میں کہا ہے کہ ہرکسی کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ لبنان کے پاس اب وقت نہیں رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں نئی کابینہ کی تشکیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سیاسی تعطل کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اجتماعی کاوشیں کی گئی ہیں۔واضح رہیکہ لبنان میں گذشتہ قریباً چھے ماہ سے کوئی فعال حکومت نہیں ہے اور ایک عبوری حکومت ملک کا نظم ونسق چلا رہی ہے۔لبنانی صدر میشال عون نے گذشتہ سال اکتوبر میں سعد الحریری کو دوبارہ وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی مگر اب تک وہ نئی کابینہ تشکیل نہیں دے سکے ہیں۔ان کے صدر میشال عون کی جماعت فری پیٹریاٹک موومنٹ (ایف پی ایم ) سے حکومت کی تشکیل کے معاملے پر اختلافات چلے آرہے ہیں۔اس کے علاوہ لبنان کی دوسری بڑی مسیحی جماعت ،سمیر جعجع کے زیر قیادت لبنانی فورسز نے سعد الحریری کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی کی حمایت نہیں کی تھی۔