وفاق کی جانب سے صوبوں کو کرونا ویکیسن کی نئی کھیپ فراہم کر دی گئی

0
318

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے صوبوں کو کرونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں کو کرونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے، یہ ویکیسن چین سے منگوائے گئے خصوصی کولڈ چین کنٹینرز کے زریعے صوبوں کو فراہم کی گئی۔ذرائع کے مطابق صوبوں کو مجموعی طور پر سائنو فارم اور کین سائنو کی چار لاکھ 52 ہزار ڈوز فراہم کی گئی، پنجاب کو سب سے زیادہ ایک لاکھ 80 ہزار سائنو فارم ، 20 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئی۔سندھ کو ایک لاکھ سائنو فارم، 12 ہزار کین سائنو ویکسین، خیبرپختونخوا کو 50 ہزار سائنو فارم، 9 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں، اسی طرح بلوچستان کو سائنو فارم کی 20 ہزار اور کین سائنو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئی۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سائنو فارم کی 20 ہزار جبکہ کین سائینو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئیں،اسی طرح آزاد کشمیر کو سائنوفارم کی 20 ہزار اور 3 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم، گلگت بلتستان کو 10 ہزار سائنو فارم، 2 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں۔اس کے علاوہ وفاق نے کرونا ویکسین کی ایک لاکھ 8 ہزار ڈوزز ریزور رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز وزارتِ صحت کی جانب سے خریدی جانے والی ویکسینز پاکستان پہنچی تھی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی خوراکیں وصول کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اب تک 8 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، حکومت ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنارہی ہے، کیونکہ عوام کی زندگیوں کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔