امریکا کاسعودی عرب کو اسلحہ اور فوجی تربیت دینے پر غور

0
320

واشنگٹن (این این آئی)امریکا یمن سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے فضائی حملوں کے ردعمل میں سعودی عرب کو دفاعی ہتھیار فروخت کرنے اور اس کی فورسز کوفوجی تربیت دینے پرغورکررہا ہے۔”وال اسٹریٹ جرنل” نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ”اس وقت سعودی عرب کو مخصوص دفاعی ہتھیار بہ شمول میزائلوں کا سراغ لگانے والے نظام کی فروخت ،سراغرسانی کے تبادلے میں اضافے،اضافی فوجی تربیت اور دونوں ملکوں کے درمیان تبادلے کے پروگراموں میں توسیع کے آپشن زیرغور ہیں۔واضح رہے کہ امریکی اخبار کی اس رپورٹ سے دوماہ قبل بائیڈن انتظامیہ نے سعودی عرب کو تین ہزار گائیڈڈ ہتھیاروں کی فروخت مزید جائزے تک منجمد کردی تھی۔یمن سے حوثی ملیشیا نے جنوری کے بعد سے سعودی عرب کے شہری علاقوں اور شہری ڈھانچے کی جانب بیلسٹک میزائلوں اوربارود سے لدے ڈرونز سے حملے تیز کررکھے ہیں۔ان فضائی حملوں میں خاص طور پر سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ایک امریکی عہدہ دار نے وال اسٹریٹ جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں تنازع کے آغازکے بعد سے پہلی مرتبہ بدترین صورت حال کا سامنا ہے۔امریکی عہدے داروں نے حوثیوں کی جارحیت کے مقابلے میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”سعودی اس مواد (بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز) کو ناکارہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔وہ بہتر سے بہتراقدام کررہے ہیں۔ایک عہدہ دار کا کہنا تھا کہ حوثیوں کو واضح پیغام دینے کی ضرورت ہے اور انھیں یہ بات جان لینی چاہیے کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کے حقِ دفاع کی حمایت جاری رکھیں گے