مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان اور مشیر احتساب شہزاد اکبر سے استعفے کا مطالبہ

0
263

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور مشیر احتساب شہزاد اکبر سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر سمیت تمام مجرموں اور سازشیوں کو دھمکی آمیز بیان بازی سے روکا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بشیر میمن کے سوالوں کے جواب دینے کی بجائے چور شور مچا رہے ہیں ،اڑھائی سال سے لگا تماشہ بند کیا جائے، قوم اس سرکس سے تنگ آ چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئینی اداروں کے سربراہان کو ہراساں کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پہ کٹہرے میں کھڑے مجرموں کے خلاف فیصلہ سْنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب جواب دیں کیوں ایف آئی اے کے ڈی جی کو سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمے بنانے کے لئے ہراساں کیا۔ انہوںنے کہاکہ بشیر میمن کے انکشافات کے بعد عمران خان ، شہزاد اکبر اور چیئرمین نیب کو اختیارات کے ناجائز استعمال میں گرفتار کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب جو کام کرنے سے بشیر میمن نے انکار کیا وہ نیب سے کروایا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب احتساب کے نام پہ ملک میں افراتفری پھیلائی اور ملک کی معیشت اور عوام کے روزگار کو تباہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ جواب دینا ہو گا کہ سرکاری ادارے کے سربراہ کو بلا کر سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمہ بنانے پہ کیوں مجبور کیا؟۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمے بنواتے رہے اور خود عوام کا آٹا ، چینی ، گیس ، بجلی اور دوائی کھا گئے،کرائے کے ترجمان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی بین بجانا بند کریں۔