بلاول بھٹو زرداری کی پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکنان پر پولیس کے تشدد اور ان کی گرفتاریوں کی مذمت

0
451

اسلام آبا د(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکنان پر پولیس کے تشدد اور ان کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یوایم ٹی انتظامیہ بیدخل کئے جانے والوں کی بحالی اور فیسوں میں کمی سمیت طلبہ کے تمام جائز مطالبات پورا کرے۔یونی ورسٹی مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کرنے والے پی ایس ایف کارکنان پر لاہور پولیس کا دھاوا ناقابل برداشت ہے،ٹاؤن شپ تھانے کے حوالات میں پی ایس ایف کے گرفتار طلبہ پر بھی لاہور پولیس نے بدترین تشدد کرکے غنڈہ گردی کی مثال قائم کی۔ انہوںنے لاہور پولیس کے تشدد سے زخمی ہونے والے سانول منظور، جنیدڈوگر، صداقت، دانش رندھاوا، ناصرمہدی، حافظ ولید، عروج عباس، اسامہ جاوید اور محمد عبداللہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔ انہوںنے کہاکہ لاہور میں پی آئی اے روڈ سے پی ایس ایف کارکنان سبط حسن، اسجد ملک، کمیل حسین اور عبداللہ ظفر کی گرفتاری پنجاب حکومت کی بوکھلاہٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ یو ایم ٹی طلبہ کے مطالبات کے حل کے لئے بنائی گئی کمیٹی میں تشدد کرنے والی پولیس کے نمائندوں کی شمولیت سے غیرجانب داری پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یوایم ٹی انتظامیہ بیدخل کئے جانے والوں کی بحالی اور فیسوں میں کمی سمیت طلبہ کے تمام جائز مطالبات پورا کرے۔