پاکستان ٹیلی کام سیکٹر کی5 منٹ کی کال پر عائد ٹیکس کی شدید مذمت

0
312

کراچی(این این آئی)پاکستان ٹیلی کام سیکٹر نے 5 منٹ کی کال پر عائد ٹیکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد انہیں کال پیکیجز ختم کرنے پڑ سکتے ہیں، جب کہ صارفین 90 فیصد کالز ان ہی پیکیجز کے ذریعے کرتے ہیں۔پاکستان کی بڑی موبائل ٹیلی کام کمپنیز جاز، پی ٹی سی ایل زونگ کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے 5 منٹ سے زائد وقت کی کالز پر عائد کردہ ٹیکس کے اعلان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ مشترکا بیان میں ان کمپنیز نے کہاکہ اگر حکومت نے اعلان کردہ نیا ٹیکس لگایا بھی تو یہ لاگو نہیں ہوسکے گا۔ یہ ٹیکس لگنے کی صورت میں کمپنیوں کیجانب سے صارفین کو مہیا کیے گئے فری منٹ اور بنڈلز ختم کر دیئے جائیں گے، جو کے ملک کی ایک بڑی تعداد استعمال کرتی ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ صارفین کی جانب سے کی جانے والی 90 فیصد کالز ان ہی اعلان کردہ پیکیجز کے ذریعے کی جاتی ہیں، اگر یہ پیکیجز ختم کردیئے جائیں گے تو صارفین کو نارمل ریٹ پر کالز کی سہولت ہی میسر رہے گی اور اس سے انہیں زیادہ ادائیگی کرنا پڑے گی اور ریٹ اوپر جائیں گے۔کمپنیوں نے کہا کہ اگر یہ ٹیکس لاگو ہوتا ہے تو اس سے ٹیلی کام انڈسٹری کی کارکردگی شدید متاثر ہوگی۔ کالز پر عائد ٹیکس حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان کے عکس کے برخلاف ہے۔ پاکستان بدقسمتی سے پہلے ہی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے، جہاں ٹیلی کام سیکٹرز میں زیادہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔ کمپنیوں کے مطابق حقیقت میں یہ ٹیکس تکنیکی بنیادوں پر ناقابل عمل اعلان ہے۔ اگر یہ لاگو کیا جاتا ہے تو اس سے سروس ماڈل تباہ ہوجائے گا۔ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا کہ اگر یہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے تو اس سے ان کے یوزرز میں کمی ہوسکتی ہے، کیوں کہ بغیر پیکیجز کے لوگوں کو پھر کال کرنا مہنگا پڑے گا