وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جلد بار آور ثابت ہوں گی، چوہدری فواد حسین

0
251

تاشقند(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں جو جلد بار آور ثابت ہوں گی۔ جمعہ کو یہاں علاقائی روابط کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ علاقائی روابط کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں، اس کانفرنس میں علاقائی روابط اور معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف اور وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران تاشقند سے گوادر تک ٹرین سروس اور کراچی سے تاشقند تک ٹرک کی نقل و حمل کا نظام قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے جو علاقائی روابط کا ایک اظہاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 ممالک کے سربراہان مملکت اور وزرائے خارجہ یہاں موجود ہیں جو تجارت، معیشت اور ویزوں میں سہولت کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو تاکہ علاقائی روابط بہتر ہو سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان میں امن سے ہم وسطی ایشیا سے منسلک ہو جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں، ان شاء اللہ یہ کوششیں جلد بار آور ثابت ہوں گی۔