سعودی عرب،ویکسی نیشن نہ لگوانے پر سرکاری جگہوں ، پبلک ٹرانسپورٹ میں داخلہ بند

0
217

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں مقیم جن غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی یکم اگست 2021 سے انہیں سرکاری جگہوں میں داخلے، تقریبات میں شرکت اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات سے قطع نظر کہ کرونا وائرس سے بچا ئوکی ویکسین نہ لگوانے والے کسی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کر رہے ہیں یا وہ کسی کام کی غرض سے وہاں داخلے کے خواہش مند ہیں، اگر انہوں نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تو ایسے افراد کو سرکاری یا نجی جگہوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزارت کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام معاشی،کمرشل، ثقافتی، سیاحتی، تعلیمی، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں صرف ایسے افراد کو شمولیت کی اجازت ہو گی جنہوں نے کوئی بھی منظور شدہ ویکسین لگوا رکھی ہو۔ سعودی عرب میں ماڈرنا، فائزر اور آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کو کرونا وائرس کے خلاف منظور شدہ ویکسینز کا درجہ حاصل ہے