سعودی عرب پرحوثیوں کا حملہ ناکام،چاربیلسٹک میزائل،دوڈرون تباہ

0
326

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے فضائی دفاع نے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا مملکت کے سرحدی علاقے جازان پر بمبار ڈرون طیاروں اور بیلسٹک میزائلوں سے کیا حملہ پسپا کردیا۔ جوابی کارروائی میں حوثیوں کے چار بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون طیارہ تباہ کر دئیے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے فضائی دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کیا گیا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے مملکت کے علاقے جازان پر بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے حملے کی کوشش کی گئی مگر دشمن کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے سرحدی شہر ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی بار بار غنڈہ گردی اور حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔حوثی ملیشیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سعودی عرب کی شہری آبادی اور اس کی معیشت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔عالمی برادری، عرب اور مغربی دنیا کی طرف سے حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کے باوجود حوثی ملیشیا کی جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری طرف سعودی عرب بھی حوثیوں کی دہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔