بھارت کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے گورنر پنجاب محمد سرور

0
332

لاہور(این این آئی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کا یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیوماسمیو کاستالدو سے ٹیلی فونک رابطہ ‘ ڈاکٹر فابیو سمیت دیگر اراکین کا کشمیر کی صورتحال پر سخت اظہار تشویش’یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدراور16اراکین نے یورپی پار لیمنٹ کی صدریرسلا کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کیلئے خط لکھ دیا ‘اراکین یورپی پارلیمنٹ نے امن کے قیام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے کردار کو بھی سراہا ۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور مسئلہ کشمیر کے معاملے پر سفارتی محاذ پر متحرک ہیں اسی سلسلے میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انکو بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری بدتر ین مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بتایا جسکے بعد ڈاکٹر فابیو سمیت 16اراکین نے کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے یورپی پار لیمنٹ کی صدر کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کی جانب کشمیر یوں پر کیے جانیوالے مظالم کا نوٹس لیکر بھارت کو سفارتی دبائو کے ذریعے مجبور کیا جائے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیر یوں پر مظالم کو فوری بند کرے ۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران نائب صدر یورپی پار لیمنٹ ڈاکٹر فابیو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ین خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے یورپی پار لیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر بھی کشمیر یوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرینگے بھارت سے بھی مطالبہ ہے وہ کشمیر یوں کیخلاف جاری مظالم کو فوری بند کر ے اور انکو بنیادی انسانی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کشمیر یوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کر نے پر ڈاکٹر فابیو سمیت دیگر اراکین کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا پاکستان ہمیشہ سے امن اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑا ہے کشمیری بہن بھائیوں کوکسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا مسئلہ کشمیرکے معاملے یورپی اور بر طانوی اراکین پار لیمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہوں ۔