مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہیں،علی امین گنڈا پور

0
335

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہیں،عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ،سردار محمدابراہیم پاکستان سے گہری وابستگی رکھنے والے عظیم کشمیری رہنماء تھے۔غازی ملت سردار محمد ابراہیم کی برسی کے موقع پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سردار محمدابراہیم نے 19 جولائی 1947 کو الحاق پاکستان کی قرار داد پاس کی،وہ پاکستان سے گہری وابستگی رکھنے والے عظیم کشمیری رہنماء تھے۔ انہوں نے کہا کہ محمد ابراہیم کے نظریئے سے سرشار کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو دو سال مکمل ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو مزید سخت کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ اور یورپی پارلیمنٹرینز نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات واپس ہونے تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ۔