ماہرہ خان کی چھوٹی اسکرین پر واپسی پر شوبز شخصیات خوش

0
256

کراچی (این این آئی)’سپر اسٹار’ اداکارہ ماہرہ خان نے تقریبا 6 سال بعد’ ‘ہم کہاں کے سچے تھے’ ‘کے ذریعے چھوٹی اسکرین پر واپسی کی ہے، جس پر ان کے مداحوں سمیت ان کی قریبی شوبز شخصیات بھی خوش دکھائی دے رہی ہیں۔عمیرہ احمد کے ناول پر بنے ڈرامے کو یکم اگست سے ہر اتوار کے روز ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔’ہم کہاں کے سچے تھے’ کے ذریعے ماہرہ خان کی چھوٹی اسکرین پر واپسی پر جہاں ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں ان کے ساتھ کام کرنے والے ہدایت کار محمد احتشام الدین اور ادکارہ نوشین شاہ سمیت دیگر شخصیات بھی خوش دکھائی دیں۔اداکارہ کی ڈراموں میں واپسی پر فلم ساز و ہدایت کار محمد احتشام الدین نے ان کے لیے تعریفی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے خود کو ماہرہ خان کا مداح بھی قرار دیا۔ہدایت کار نے ماہرہ خان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے انہیں نہ صرف بہترین اور جادوگر اداکارہ قرار دیا بلکہ انہیں لاکھوں لوگوں کی پسندیدہ شخصیت بھی قرار دیا۔محمد احتشام الدین نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ باقی لوگ اداکارہ کے بارے میں کیا رائے دیتے اور خیال رکھتے ہیں مگر انہیں ہمیشہ ان پر فخر رہے گا۔فلم ساز نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے معروف کرداروں کے نام لکھتے ہوئے کہا کہ اگر ماہرہ خان سخت محنت نہ کرتیں تو ہم سفر کی خرد اور شہر زت کی فلک سمیت ان کے دیگر کردار اتنے مشہور نہ ہوتے بلکہ وہ آج دفن ہو چکے ہوتے۔ہدایت کار نے ماہرہ خان کی ‘ہم کہاں کے سچے تھے’ کے ذریعے واپسی پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کے ڈرامے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، ساتھ ہی انہیں کئی لوگوں کا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے خود کو اداکارہ کا مداح بھی لکھا۔