خواتین سے متعلقہ جرائم میں اضافے سے معاشرے میں تشویش پائی جاتی ہے’ شاہدہ منی

0
297

لاہور( این این آئی)نامور گلوکارہ و اداکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ حالیہ چندسالوںمیں یہ تاثر زور پکڑ رہاہے کہ پاکستان میں عورتوں کا استحصال کیا جاتاہے ، وراثت میں جائیداد نہ دینے، ہراساں کرنے اور زیادتی کے لا تعداد واقعات سے معاشرے میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہدہ منی نے کہا کہ پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں خواتین سے جنسی زیادتی اور انہیں بیدردی سے قتل کرنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جن کا سن کر دل دہل جاتا ہے۔اگر ایسے واقعات کے تدارک کے لئے حکمت عملی مرتب نہ کی گئی تو ہمیں دنیا میں سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوںنے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے قانون سازی توکی گئی ہے مگراس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے ،حکومت کو چاہیے کہ ایسے قوانین پر نظر ثانی کرکے انہیں مزید سخت کرے اوران پر عملدرآمد کے لئے پولیس کی طرز پر الگ سے محکمے کا قیام عمل میں لا کر اسے با اختیار بنایا جائے۔